اب امریکہ میں ہی H1B ویزا کی تجدید

   

وزیر اعظم کے دورہ کے بعد ہندوستانیوں کیلئے خوشخبری
نئی دہلی :وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران دونوں ممالک میں کئی بڑے معاہدے ہوئے اور آپسی تعلقات میں گرمجوشی لانے والے فیصلے بھی لیے گئے۔ ایک بڑا فیصلہ H1B ویزا کو لے کر آیا، امریکی دورے کے آخری دن وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ اب امریکہ میں ہی ایچ ون بی ویزا رینیو ہوجائے گا، اس کے لئے باہر نہیں جانا پڑے گا۔واضح رہے کہ امریکہ کا H1B ویزا ہمیشہ سے موضوع بحث رہا ہے، جس کے تحت ہندوستانیوں کے لیے امریکہ جانا اور وہاں رہنا آسان ہو جاتا ہے۔ تاہم، بہت سے ہندوستانیوں کو امریکی ویزوں کے لیے مہینوں انتظار کرنا پڑا ہے اسی لیے بہت سے ہندوستانی مودی۔بائیڈن ملاقات میں H1B ویزا کے قوانین میں تبدیلی پر نظریں جمائے ہوئے تھے۔امریکہ کے جنوب اور وسطی ایشیا کے امریکی معاون وزیر خارجہ ڈونالڈ لو کے مطابق، اس سال 10 لاکھ سے زیادہ ویزے ہندوستانیوں کے لیے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ انہی گرمیوں میں اسٹوڈنٹ ویزا کو جاری کرنے کے لیے کام شروع کردے گا۔اس کے علاوہ انہوں نے ورک ویزا کو لے کر بھی یقین دلایا ہے۔ ڈونالڈ لو نے کہا کہ وہ ایچ ون بی اور ایل ویزا جاری کرنے کے لیے کام شروع کرچکے ہیں۔ ایچ ون بی اور ایل ویزا ہندوستان کے آئی ٹی پیشہ وروں میں بہت مقبول ہے۔ اس کے ذریعے ہندوستان کے آئی ٹی پیشہ وروں کو امریکہ میں کام کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔