“اب تو اسکو آگے بڑھانا ہے…”: انتخابی مہم میں نہیں جارہے وزیر اعلٰی نتیش نے تیجسوی کو سونپی ذمہ داری

   

پٹنہ: بہار کی موکاما اور گوپال گنج اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔ موکاما علاقے میں ضمنی انتخاب آر جے ڈی ایم ایل اے اننت کمار سنگھ کی نااہلی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ سنگھ کی بیوی نیلم دیوی کو آر جے ڈی نے میدان میں اتارا ہے۔ جبکہ گوپال گنج سیٹ پر ضمنی انتخاب چار بار بی جے پی کے ایم ایل اے سبھاش سنگھ کی موت کی وجہ سے ضروری ہو گیا ہے، جن کی بیوی کسم دیوی پارٹی کی امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔تاہم ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار صحت کی وجہ سے دونوں سیٹوں کے لیے جاری انتخابی مہم سے دور ہیں۔ اس سلسلے میں جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا، “ساری باتوں کو چھوڑ کر، اب ہم اکٹھے ہو گئے ہیں، اپنی جگہ پر واپس آ گئے ہیں، اب تو اس (تیجسوی یادو) کو آگے بڑھانا ہے۔ عوام مالک ہے، جیت ہار کے فیصلے وہی کرتی ہے، لیکن وہاں کے لوگوں سے جو معلومات ہمیں مل رہی ہیں اس کے مطابق آر جے ڈی کے امیدوار دونوں جگہوں پر جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔