سری نگر : اسمبلی انتخابات میں جیت کا سہرا پارٹی کارکنوں اور عوام کے سرباندھتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ لوگوں کے اشتراک اور تعاون کے بغیر یہ تاریخی جیت کسی بھی صورت میں ممکن نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس واحد ایسی سیاسی جماعت ہے ، جو یہاں کے عوام کی آبائی جماعت ہے اور جس کی جڑیں تینوں خطوں کے کونے کونے میں پیوست ہے ۔ انہوں نے پارٹی کے نومنتخب ممبرانِ اسمبلی، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ خود کو عوام کیلئے وقف رکھیں۔ جموں وکشمیر کے عوام نے گزشتہ10سال سے جن کٹھن مشکلات کا سامنا کیا ہے اُن سے نجات دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیری عوام نے گزشتہ10سال خصوصاً گزشتہ5سال سے جو کچھ سہا ہے وہ ایک درد بھری داستان ہے ۔