اب ٹیم انڈیامیں تبدیلی کاوقت آگیاہے: ہربھجن

   

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق تجربہ کار اسپنر ہربھجن سنگھ نے کوچنگ اور کپتانی کے حوالے سے ٹیم میں بڑی تبدیلی کی وکالت کی ہے ۔ ہربھجن کا ماننا ہے کہ ٹیم انڈیا کو اب مختلف فارمیٹس کے لیے الگ الگ کپتان اور کوچ ہونا چاہیے ۔ حالانکہ یہ مسئلہ پہلے ہی زیر بحث ہے ۔ ساتھ ہی ہربھجن سنگھ جیسے کرکٹر بھی کپتانی اور کوچنگ سسٹم میں تبدیلی کے حوالے سے اس کی حمایت کر رہے ہیں۔ دراصل کوچ اور کپتان کے حوالے سے یہ مطالبہ اب سے نہیں چل رہا ہے ۔ یو اے ای میں 2021میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سے ہی ٹیم انڈیا کے لیے مختلف کپتان کے ساتھ مختلف کوچ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اس معاملے پر ایک میڈیا ہاؤس سے بات کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ اب ٹیم انڈیا میں تبدیلی کا وقت آ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم انڈیا ویریندر سہواگ اور آشیش نہرا کو ٹی 20 فارمٹ میں بطور کوچ مقرر کر سکتی ہے ۔ سہواگ کی شناخت ایک دھماکہ خیز بلے باز کے طور پر ہے ۔ دوسری طرف، نہرا محدود اوورز والے فارمٹ کے شاندار گیند باز رہے ہیں۔ نہرا نے گزشتہ سال انڈین پریمیئر لیگ میں گجرات ٹائٹنز انتظامیہ میں شمولیت اختیار کی تھی اور ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اپنا رول ادا کیا۔ ہربھجن نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ٹیم انڈیا میں اب غوروخوض کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر ہم ٹی ٹوئنٹی کھیل رہے ہیں تو ضروری نہیں کہ ہم ونڈے میں بھی اسی طرح کھیلیں۔