ابوظہبی: اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی دعوت پر ابوظہبی میں گزشتہ روز چھ عرب ملکوں کی سربراہ کانفرنس کا انعقاد ہوا ہے۔سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق، بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، امیر قطر شیح تمیم بن حمد آل ثانی، اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کانفرنس میں شریک ہوئے۔اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق عرب سربراہوں کے اجلاس کا عنوان ’خطے میں ترقی و خوشحالی‘ تھا۔ عرب رہنما مشترکہ جدوجہد، تعاون اورعلاقائی یکجہتی کے ذریعے خطے میں استحکام، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے والے تمام شعبوں میں برادر ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے جمع ہوئے۔ عرب قائدین نے اس موقع پر برادرانہ تعلقات، تعاون کی مختلف جہتوں اور تمام شعبوں میں یکجہتی پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل و حالات، خطے کو درپیش سیاسی و سلامتی و اقتصادی چیلنجوں کاجائزہ لیا گیا۔ چیلنجوں سے نمٹنے اورخطے کی تمام اقوام کی خوشحالی و استحکام سے مامور مستقبل کی تعمیر کے لیے مشترکہ عرب جدوجہد کے فروغ اور یکجہتی کی اہمیت کاجائزہ لیا۔ عرب رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ گہرے تاریخی تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ہم سب خطے ہی نہیں پوری دنیا میں ہونے والی مختلف تبدیلیوں کے بارے میں مسلسل مشاورت، رابطے اور یکجہتی چاہتے ہیں۔