نئی دہلی، 15 جون (یو این آئی) ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) اتراکھنڈ کے کیدارناتھ دھام سے گپت کاشی کے لیے پرواز کے دوران بیل- 407 ہیلی کاپٹر کے آج صبح حادثے کے شکار ہونے کی تحقیقات کرے گا۔ سرکاری معلومات میں کہا گیا ہے کہ 15 جون کو بیل – 407 ہیلی کاپٹروی ٹی- بی کے اے کیدارناتھ سے آرین ہیلی پیڈ، گپتکاشی کے لیے آپریشنل پرواز پر تھا ، جب یہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ اس میں پانچ مسافر، ایک شیر خوار بچہ اور عملہ کا ایک رکن سوار تھا۔ ہیلی کاپٹر نے گپت کاشی سے 05:10 بجے اڑان بھری اور 05:18 پر کیدارناتھ جی ہیلی پیڈ پر اترا۔ ہیلی کاپٹر نے دوبارہ 05:19 بجے گپت کاشی کے لیے پرواز کیا اور گوری کنڈ کے نزدیک گر کر تباہ ہوگیا۔ احتیاطی اقدام کے طور پر، ڈی جی سی اے نے پہلے ہی چار دھام تک ہیلی کاپٹر آپریشنز کی تعدد کو کم کر دیا ہے ، نگرانی میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور مزید کارروائی کے لیے آپریشن کا جائزہ لیا جارہاہے ۔ حادثے کی تحقیقات اے اے آئی بی کرے گا۔