ہلدوانی۔ 8 نومبر (یو این آئی) اتراکھنڈ ریاست کے قیام کی سلور جوبلی کے موقع پر ہفتہ کے روز ہلدوانی میں ’ماترشکتی اتسو‘کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سماج میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو اعزاز سے نوازا گیا۔ ریاست کے قیام کے 25 سال مکمل ہونے پر پورے اتراکھنڈ میں سلور جوبلی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ اسی سلسلے میں ہلدوانی کے گولاپار واقع بین الاقوامی اسٹیڈیم میں “ماترشکتی اتسو کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر کابینی وزیر ریکھا آریہ نے تعلیم، صحت، سلامتی، آرٹ، سماجی خدمت اور خواتین کے بااختیار ہونے کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کو اعزازات سے نوازا۔ اسٹیڈیم ماتر شکتی اتسو کے جوش و خروش سے بھر گیا۔ آریہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتراکھنڈ ریاست کے قیام سے آج تک خواتین نے اس کی ترقی میں کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی تحریک کے دور سے لے کر آج تک، اتراکھنڈ کی خواتین ہر محاذ پر پیش پیش رہی ہیں، چاہے ریاست تحریک کا دور رہا ہو یا آج سماج کے ہر شعبے میں قیادت کی بات ہو۔ آریہ نے کہا کہ ہماری بیٹیاں اور بہنیں اس ریاست کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ سلور جوبلی کے اس موقع پر ان کا اعزاز دراصل ریاست کے تئیں اظہار تشکر اور فخر کا اظہار ہے ۔ کابینی وزیر نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی قیادت میں ریاست نے خواتین کو بااختیار بنانے کے میدان میں قابلِ ذکر ترقی حاصل کی ہے ۔