اتراکھنڈ: یکساں سول کوڈ کا مسودہ جلد ہوجائے گا تیار، کمیٹی نے 2.35 لاکھ لوگوں سے بات کی: پشکر دھامی

   

 اتراکھنڈ حکومت یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو لاگو کرنے کی سمت میں پہلا قدم اٹھا چکی ہے۔ ایسے میں ہر کسی کے ذہن میں ایک ہی سوال پیدا ہو رہا ہے کہ ریاست میں یو سی سی کب لاگو ہوگا؟ ریاست کے وزیر اعلی پشکر دھامی نے اس حوالے سے اہم اشارے دئے ہیں۔ وزیراعلی دھامی نے اپوزیشن جماعتوں کے ذریعہ بنائے گئے ‘انڈیا’ اتحاد پر بھی سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا نیا اتحاد یو پی اے کی ہی نئی شکل ہے۔ وزیراعلی دھامی نے ‘انڈیا’ اتحاد کو نئی بوتل میں پرانی شراب قرار دیا ۔اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر دھامی نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں یکساں سول کوڈ کو لے کر بڑی بات کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یکساں سول کوڈ کی تجویز کو 2022 کے اسمبلی انتخابات کے دوران ہی عوام کے سامنے رکھا تھا اور اس معاملہ پر عوام سے ووٹ بھی مانگا تھا۔ وزیر اعلی دھامی نے کہا کہ اتراکھنڈ کے لوگوں نے ہمیں اس کے لئے مینڈیٹ دیا ہے۔