اترپردیش میں خواتین پر مظالم کے خلاف کانگریس کا احتجاج

   


یوگی ادتیہ ناتھ سے استعفیٰ کا مطالبہ، یو پی میں امن و ضبط ابتر
حیدرآباد: کانگریس قائدین نے اترپردیش کے بدایوں میں ایک خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف گاندھی بھون کے احاطہ میں مجسمہ مہاتما گاندھی کے قریب احتجاج منظم کیا۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی عظمیٰ شاکر کی قیادت میں سکریٹری پردیش کانگریس بی جڈسن ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس محمد زبیر ، سکریٹری پردیش کانگریس محمد ارشد ، محمد غوث اور دیگر قائدین نے احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی اور چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عظمیٰ شاکر نے کہا کہ اترپردیش میں امن و ضبط کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ خواتین اور دیگر طبقات کو تحفظ کی فراہمی میں بی جے پی حکومت ناکام ہوگئی ۔ جب سے بی جے پی برسر اقتدار آئی ہے اقلیتوں ، کمزور طبقات اور خواتین پر مظالم میں اضافہ ہوچکا ہے۔ اترپردیش میں عوام حکومت کی نااہلی سے پریشان ہیں۔ بدایوں میں 50 سالہ خاتون کی مندر میں پجاریوں کی جانب سے اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کا واقعہ انسانیت کو شرمسار کرتا ہے ۔ قاتلوں کو یوگی حکومت کی تائید حاصل ہے جس کے نتیجہ میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر کی ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں خواتین پر مظالم کے خلاف کارروائی کا کوئی تصور نہیں ہے۔ اگر سابق میں پیش آئے واقعات میں کارروائی کی جاتی تو بدایوں کا واقعہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے یوگی ادتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر سمرتی ایرانی سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے مقتول کے پسماندگان کو 50 لاکھ روپئے امداد کی مانگ کی ہے۔ کانگریس پارٹی اس سلسلہ میں اترپردیش حکومت کو احتجاجی مکتوب روانہ کرے گی۔