اترپردیش کے سابق رکن اسمبلی کے بھتیجہ کا قتل

,

   

Ferty9 Clinic

بی جے پی کے 8 افراد کے خلاف مقدمہ، اراضی تنازعہ پر واردات ، بعض مشتبہ افراد زیرحراست

لکھنؤ : /6 جنوری (ایجنسیز) اتر پردیش کے ضلع بلندشہر میں 15 ایکر باغ کی خریداری کو لے کر ہوئے تنازعہ میں بہوجن سماج پارٹی کے سابق مرحوم رکنِ اسمبلی حاجی علیم کے بھتیجے سفیان کو بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ 4 جنوری کی رات تقریباً 8 بجے نیم کھیڑا گاؤں کے قریب پیش آیا۔ سفیان کی تدفین 5 جنوری کی شام سخت پولیس نگرانی میں عمل میں آئی۔ جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔اطلاعات کے مطابق صوفیان اپنے بھائی اکرم اور وکیل قادر کے ساتھ ڈاکٹر ممتاز کا باغ دیکھنے گئے تھے ، جہاں پہلے سے موجود نشے میں دھت بی جے پی کے مقامی قائدین اور کارکنوں نے باغ کی خرید و فروخت پر جھگڑا شروع کردیا اور لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کردیا۔ اس حملے میں صوفیان اور اکرم زخمی ہوگئے دونوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں سفیان کی موت ہوگئی۔پولیس نے بی جے پی کے منڈل لیڈر پنٹو چودھری، ان کے دو بھائیوں اور پانچ نامعلوم افراد سمیت 8 کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ ایس ایس پی دنیش کمار سنگھ کے مطابق باغ کی خریداری پر کئی فریق دعویٰ کر رہے تھے۔ حملہ آوروں نے موقع پر اکرم کی پستول چھین لی اور ان کی کار میں توڑ پھوڑ کی، جبکہ دیہاتیوں کے جمع ہونے پر ملزمین فرار ہوگئے۔اکرم کا علاج اس وقت میڈیکل کالج میں جاری ہے۔ پولیس نے رات ہی میں دھاوے کرتے ہوئے کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ معاملہ باغ خریدنے کی رقابت سے جڑا ہوا بتایا جا رہا ہے۔ پیر، 5 جنوری کو بھاری سکیورٹی کے درمیان صوفیان کی تدفین ڈی ایم کالونی کے قبرستان میں کی گئی، جہاں ایس پی دیہات سمیت متعدد تھانوں کی فورس تعینات رہی۔ اس واقعہ سے شہر میں غم و غصے کی فضا پائی جاتی ہے۔