حیدرآباد ۔7۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی اور سابق رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی نے راہول گاندھی کی تاریخی بھارت جوڑو یاترا کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر کوداڑ میں ریالی کا اہتمام کیا۔ کانگریس ہائی کمان نے بھارت جوڑو یاترا کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر ملک بھر میں ریالیوں کے انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک میں نفرت کے خاتمہ کیلئے بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کیا تھا اور راہول گاندھی ملک کے عوام کی امید بن چکے ہیں۔ کانگریس پارٹی دستوری و جمہوری اداروں کے تحفظ کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام طبقات کو یکساں طور پر اپنے حقوق کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سیکولرازم کے فروغ کے لئے کام کیا ہے ۔ ریالی میں کوداڑ کے مقامی کانگریس قائدین نے کانگریس پرچم کے ساتھ حصہ لیا اور ملک میں فرقہ وارانہ سیاست کے خاتمہ کا عہد کیا۔