اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس ’’فلاپ شو‘‘ َ: ہریش راؤ

   

این ڈی ایس اے رپورٹ کی بنیاد پر بی آر ایس کو بدنام کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔ 29 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے ریاستی وزیر آبپاشی اُتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس کو ’’فلاپ شو‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جو باتیں کہی گئی تھیں، اسی کو پھر سے نئے انداز میں دہرایا گیا ہے۔ ہریش راؤ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر اُتم کمار ریڈی نے پریس کانفرنس کیلئے صحیح ڈھنگ سے تیاری نہیں کی ہے۔ ریاست کے آبپاشی پراجیکٹس کے تعلق سے این ڈی ایس اے کی رپورٹ دراصل میں این ڈی اے حکومت کی رپورٹ ہے۔ مرکزی حکومت نے بی آر ایس کے دورِ حکومت میں تعمیر کردہ پراجیکٹس پر رپورٹ پیش کی ہے، لیکن ایس ایل بی سی کے سانحہ کو نظرانداز کردیا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ سازباز ہوچکی ہے۔ ایک منظم سازش کے تحت بی آر ایس کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اُتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس ’’نئی بوتل، پرانی شراب‘‘ کے مترادف ہے۔ این ڈی ایس اے رپورٹ کی بنیاد پر ریاستی وزیر نے صرف بی جے پی پر تنقیدیں کی ہیں۔ ڈیم سیفٹی بل کو جب پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا، اس وقت بی آر ایس نے اس کی تائید کی تھی اور کانگریس نے مخالفت کی تھی۔ آج اسی بل کو کانگریس پارٹی ، بائبل، قرآن اور بھگوت گیتا کی طرح پیش کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اس وقت خراب رہنے والی بل آج کیسے صحیح ہوسکتی ہے۔ این ڈی ایس اے رپورٹ میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیرات میں بدعنوانیاں ہوئی ہیں۔ اس کی بنیاد پر کانگریس حکومت، بی آر ایس کی پالیسیوں کی مخالفت کررہی ہے۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود بی آر ایس کا جلسہ عام انتہائی کامیاب رہا جس سے کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور عوام میں بی آر ایس کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 2