دہلی میں سرگرمیاں تیز ، کل ہند کانگریس میں عہدہ کے حصول سے انکار
حیدرآباد۔20فروری(سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس و رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ کیپٹن اتم کمار ریڈی تلنگانہ پردیش کانگریس کے عہدہ پر دوبارہ برقراری کیلئے کوشاں ہیں اور وہ اس کے لئے چند یوم قبل اتم کمار ریڈی نے کل ہند کانگریس میں کسی بھی عہدہ کے حصول سے انکار کے ذریعہ تلنگانہ کے ریاستی قائدین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کیپٹن اتم کمار ریڈی ریاست تلنگانہ کے پردیش کانگریس صدر کی حیثیت سے ابھی برقرار رہنے کیلئے دہلی میں کوششیں تیز کرچکے ہیں اور جو لوگ پردیش کانگریس کی صدارت کی دوڑ میں ہیں انہیں یہ پیغام بھی دے رہے ہیں کہ وہ کوشش نہ کریں کیونکہ وہ ابھی اس عہدہ پر برقرار رہنا چاہتے ہیں۔ تلنگانہ ریاستی کانگریس قائدین میں بی سی طبقہ کے علاوہ دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین کی جانب سے تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت کے لئے نام پیش کئے جا رہے ہیں اور کل ہند کانگریس قائدین سے نمائندگیوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے کیپٹن اتم کمار ریڈی کے دہلی میں قیام اور کل ہند کانگریس قائدین سے ہونے والی قربت کے سبب وہ کل ہند کانگریس قائدین کو اپنی پردیش کانگریس صدارت میں توسیع کے لئے تیار کروالیں گے اور انہیں مزید ایک معیاد کیلئے تلنگانہ پردیش کانگریس کی صدارت کے عہدہ پر برقرار رکھے جانے کے قوی امکانات پیدا ہونے لگے ہیں جس سے ریاستی کانگریس کے دو گروپوں میں منقسم ہونے کے خدشات بھی پائے جاتے ہیں لیکن کیپٹن اور ان کے حامیوں کا کہناہے کہ کل ہند کانگریس کی جانب سے کئے جانے والے فیصلہ پر کوئی تنازعہ کا امکان نہیں ہے کیونکہ پارٹی قائدین کل ہند کانگریس کمیٹی کی جانب سے کئے جانے والے ہر فیصلہ کو قبول کرنے تیار ہیں۔