ڈبلیو ایچ او کے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی ، خواجہ اعجاز الدین وکیل کی مفاد عامہ کے تحت سرکاری عہدیداروں کو نوٹسیں
حیدرآباد ۔ /2 اپریل (سیاست نیوز) دہلی کے تبلیغی جماعت کے مرکز میں منعقدہ اجتماع میں شرکت کرنے والے بعض افراد کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے واقعہ کے بعد سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ایسے کئی قابل اعتراض پوسٹس کئے جارہے ہیں جو عالمی صحت تنظیم (WHO) کے رہنمایانہ خطوط کے خلاف ہے ۔ تبلیغی جماعت کو ٹوئیٹر پر بدنام کرنے کیخلاف شہر کے ایک وکیل خواجہ اعجاز الدین نے مفاد عامہ کے تحت کابینی سکریٹری ، مرکزی وزارت داخلہ کے سکریٹری اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ٹوئیٹر پر جاری قابل اعتراض ٹوئیٹس کو روکنے کی درخواست کی ۔ وکیل نے مفاد عامہ کے تحت جاری کی گئی نوٹس میں کابینی سکریٹری کو یہ بتایا کہ /18 مارچ 2020 ء کو ڈبلیو ایچ او نے رہنمایانہ خطوط جاری کیا جس میں یہ بتایا کہ Covid-19 سے متاثر ہونے والے افراد کی قومیت یا اس کی نسلی شناخت افشاء نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ۔ لیکن دہلی کے تبلیغی جماعت مرکز میں منعقدہ اجتماع میں شرکت کرنے والے کئی افراد بشمول غیرملکی سیاح نے شرکت کیلئے وہاں پہونچے اور اُسی وقت ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا تھا ۔ جس کے نتیجہ میں اجتماع میں شرکت کرنے والے بعض افراد متاثر ہوگئے ان کے معائنے پازیٹیو ثابت ہونے پر انہیں علاج کیلئے منتقل کیا گیا جبکہ چند افراد کو کورنٹائن سنٹر منتقل کیا گیا ۔ مفاد عامہ کے تحت جاری کی گئی نوٹس میں وکیل نے یہ کہا کہ نظام الدین مرکز میں اجتماع کے معاملہ کو لیکر ٹویٹر پر ایسے کئی ٹرینڈ #Coronajihaad, #Tablighijamaat, #Nizamuddinidiots چلائے جارہے ہیں جو عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کی رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور ملک کے سیکولر ماحول کو بھی متاثر کرتے ہیں ۔ شہر کے وکیل خواجہ اعجاز الدین نے اپنی نوٹس میں کابینی سکریٹری ، وزارت داخلہ ، ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ، پولیس کمشنر حیدرآباد اور سائبر کرائم پولیس کو فریق بناتے ہوئے یہ درخواست کی کہ سوشیل نیٹ ورکنگ سرویس ٹوئیٹر کو فی الفور ہدایت جاری کرتے ہوئے قابل اعتراض اور ممنوعہ ٹرینڈنگ (رجحان سازی) اور اس سلسلے میں کئے گئے ٹویٹس کو فوری ہٹانے کی ہدایت جاری کریں ورنہ ٹوئیٹر سرویس کیخلاف قانونی کارروائی کریں ۔ ملک کے حق میں اور ڈبلیو ایچ او کے رہنمایانہ خطوط کی پامالی کو روکنے کیلئے مذکورہ فریقین فوری حرکت میں آکر اس پر کارروائی کریں ۔