رضاکارانہ طور پر آگے آنے حکومت کی شرکاء سے اپیل
حیدرآباد 2 اپریل ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مزید 300 افراد ایسے ہیں جنہوںنے دہلی کے تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تھی اور ابھی ان کا کورونا ٹسٹ کروایا جانا باقی ہے ۔ ریاستی حکومت نے یہ بات بتائی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ابھی بھی 300 افراد کے کورونا ٹسٹ کروائے جانے باقی ہیں جنہوں نے دہلی کے اجتماع میں شرکت کی تھی ۔ حکومت ان افراد سے جنہوں نے مرکز کے اجتماع میں شرکت کی تھی ‘ ان کے افراد خاندان سے اور ان سے جن لوگوں کے رابطے ہوئے ہیں ان سے خواہش کرتی ہے کہ وہ اپنے معائنوں کیلئے آگے آئیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چونکہ جن لوگوں نے اجتماع میں شرکت کی تھی ان سے یہ وائرس پھیل رہا ہے ایسے میں ان تمام کو کسی کوتاہی کے بغیر معائنے کروانے چائیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ تین ایسے افراد جن کے دہلی اجتماع میں شرکت کرنے والوں سے رابطے ہوئے تھے وہ بھی کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں اور اس طرح ریاست میں جملہ مہلوکین کی تعداد 9 ہوگئی ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا کے جو نئے معاملات سامنے آ رہے ہیں وہ تقریبا تمام ایسے ہیں جنہوںنے نظام الدین اجتماع میں شرکت کی تھی یا پھر شرکت کرنے والوں سے رابطے میں آئے تھے ۔ پہلے ریاست میں چھ افراد اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں اور ان چھ نے بھی دہلی کے اجتماع میں شرکت کی تھی ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اگر عوام تعاون کریں اور آگے آئیں تو ریاست میں اس وباء کو روکا جاسکتا ہے ۔