اجمیر: راجستھان میں اجمیر کے صوفی سنت حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 809 ویں سالانہ عرس تقاریب کا آج رات سے آغاز عمل میں آئے گا ۔ چاند نظر نہ آنے پر خدمت کے بعد بند کیا گیا جنتی دروازہ آج صبح پھر کھول دیا گیا۔ خادموں کی تنظیم انجمن سید زادگان کے عرس کنوینر سید مصابر نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ شام روشنی کے بعد درگاہ کے پیچھے پہاڑ پر واقع پیر صاحب کی پہاڑی سے توپ داغ کر، شادیانے اور نگاڑے بجاکر عرس کے آغاز کی منادی کی جائے گی اور اسی کے ساتھ عرس کی مذہبی رسمیں بھی شروع ہوجائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ رات گیارہ بجے عرس کی پہلی محفل ہوگی اور پھر چھ روزہ عرس اپنی مذہبی امور کے ساتھ جاری رہے گا ۔ 19 فروری کو جمعہ کی نماز اور چھٹی کو قل شریف کی رسم ادا ہوگی۔ 22 فروری کو بڑے قل کی رسم کے ساتھ عرس باقاعدہ اختتام پذیر ہو جائے گا۔