اجمیر: راجستھان کے اجمیر میں ہندو یووا واہنی تنظیم نے سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید کی کتاب ’سن رائز اوور ایودھیا‘ کے سلسلے میں ان کے خلاف آج مظاہرہ کیا۔واہنی کے ریاستی نائب صدر راج کمار گرگ کی قیادت میں واہنی کے کارکنان ضلع کلکٹر دفتر پہنچے اور سلمان خورشید کے خلاف اشتعال انگیزی کرتے ہوئے وزیر اعظم نریند رمودی کے نام میمورنڈم سونپا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین پولس کی مستعدی کے سبب کانگریسی لیڈر کا پتلا نذر آتش نہیں کرسکے ۔گرگ نے بتایا کہ خورشید کی کتاب ’سن رائز اوور ایودھیا‘ میں ہندو اور ہندتوا کا موازنہ آئی ایس آئی اور بوکو حرام جیسی دہشت گرد تنظیموں سے کرکے ہندستان کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے ۔ یہ ہندو سماج کیخلاف ووٹوں کی سیاست کیلئے منصوبہ بند سازش ہے ۔ ہم نے میمورنڈم میں وزیر اعظم سے خورشید کی اس کتاب پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ہندستان میں اس کی اشاعت پربھی روک لگانے کی مانگ کی ہے۔
انہوں نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ واہنی کے ارکان کو پولس نے اجازت نہیں ہونے کا حوالہ دے کر خورشید کا پتلہ نذر آتش نہیں کرنے دیا، جس سے کارکنان میں شدید اشتعال ہے ۔