این سی پی کی جانب سے خط موصول ہونے کے بعد چیف منسٹر مہاراشٹرا کا بیان
ممبئی 23 فروری (یو این آئی) مہاراشٹرا حکومت نے گزشتہ ماہ آنجہانی نائب وزیر اعلی اجیت پوار کی طیارے حادثے میں ہوئی موت کی تحقیقات مرکزی تفتیشی بیورو سی بی آئی کے سپرد کئے جانے کی سفارش کی ۔ وزیراعلی دیویندر فڑنویس نے کل رات دیر گئے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کو این سی پی کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کے جواب میں ریاست نے مرکزی وزارت داخلہ سے ۔تفشیش کئے جانے کی سفارش کی ہے اور اب کیس کی جانچ سی بی آئی کے ذریعہ کی جائے گی، اس کے ساتھ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن اور ریاستی سی آئی ڈی بھی تحقیقات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے پر شکوک پیدا کرنے والوں کو اب متعلقہ حکام کے روبرو تحریری مطالبات پیش کرنے چاہئے نیز وہ حکومت کے روبرو بھی اپنی بات رکھ سکتے ہیں جسے تفشیشی ایجنسی کے سامنے پیش کیاجائے گا۔ فڈنویس نے یہ بھی کہا کہ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) تحقیقات کر رہا ہے جو بارامتی میں 28 جنوری 2026 کو ہوئے طیارے کے حادثے کے بارے میں ابتدائی نتائج پیش کرے گا۔ این سی پی (ایس پی) کے ایم ایل اے اور اجیت پوار کے بھتیجے روہت پوار کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سے پہلے کہ ہم کسی نتیجے پر پہنچیں رپورٹ کو سامنے آنے دیں۔ وزہراعلی نے کہا کہ ہم سب کے لئے اجیت پوار کی ناگہانی موت حیران کن ہے نیز یقینی طور پر خاندان بھی صدمے میں مبتلا ہے ،تمام درست شکوک و شبہات کا جواب دیا جانا چاہیے اور جب تک تمام جوابات موصول نہیں ہو جاتے ہم اس معاملے کو آگے بڑھائیں گے ۔ فڑنویس نے کہا کہ وی ایس آر کی تمام پروازوں کا آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بزات خود اس تباہ شدہ طیارے میں چار پانچ مرتبہ پرواز کر چکے ہیں نیز اس حادثے میں زیادہ گرمی کی وجہ سے وائس ریکارڈر سے ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے مینوفیکچرر سے مدد لی گئی ہے ۔