نئی دہلی: نیشنل ہیرالڈ معاملے میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہونے کے خلاف کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ اور لیڈروں نے چہارشنبہ کے روز بھی احتجاج کیا جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ کانگریس لیڈروں نے کہا کہ پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور لیڈران پرامن احتجاج کر رہے تھے ، لیکن پولیس انہیں بسوں میں کہاں لے گئی اس کی معلومات کسی کو نہیں ہے ۔ اس کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے سوال کیا کہ 1053 روپے کا سلنڈر کیوں؟ دہی اور اناج پر جی ایس ٹی کیوں؟ سرسوں کا تیل 200 روپے کیوں؟۔مہنگائی اور بے روزگاری پر سوال پوچھنے پر راجہ نے 57 ممبران پارلیمنٹ کو گرفتار کیا اور 23 ایم پی کو معطل کیا۔راجہ کو جمہوریت کے مندر میں سوالوں سے ڈرلگتا ہے لیکن ہم تاناشاہی سے لڑنا جانتے ہیں۔کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کھلم کھلا انتقام کی سیاست کا مظاہرہ کر رہی ہے اور حقوق کی بات کرنے والوں اور حکومت کی پالیسی پر سوال اٹھانے والوں کی آواز کو دبا رہی ہے ۔