احتجاج کے دوران فوت کسانوں کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ معاوضہ کا مطالبہ : کسان کانگریس

   

نئی دہلی : کسان کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ان کی حکومت پر تین زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلا رہے 22 کسانوں کی موت کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جان گنوانے والے ہر کسان کے اہل خانہ کو ایک کروڑ کا معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔کسان کانگریس کے نائب صدر سریندر سولنکی نے وزیر اعظم کو لکھے مکتوب میں کہا کہ گزشتہ 23 دنوں سے قومی راجدھانی کی سرحدوں پر کسان ٹھٹھرتی سردی میں تین زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 23 دنوں میں 22 کسان اپنی جان گنوا چکے ہیں اور حکومت کو ہی کسانوں کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہئے۔