احتجاجی طلبہ کے زیرقبضہ عمارت خالی کرالی گئی

   

نیویارک : امریکی شہر نیویارک کے وسط میں واقع کولمبیا یونیورسٹی کے کیمپس میں پولیس اہلکاروں نے فلسطین کے حامی مظاہرین کے زیرقبضہ عمارت کو خالی کراتے ہوئے طلبہ کو حراست میں لے لیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس ایک ٹرک کی مدد سے دوسری منزل کی کھڑکی کے ذریعے ہیملٹن ہال میں پہنچی اور طلبہ کو ہتھکڑیاں لگا کر پولیس وین میں بٹھا کر لے گئی۔چہارشنبہ کو کیمپس کی جانب درجنوں پولیس اہلکاروں نے پیش قدمی کرتے ہوئے عمارت کو خالی کرانا شروع کر دیا تھا جس کے گرد فلسطین کے حامی طلبہ مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں۔اے ایف پی کے صحافی نے پولیس کو ٹرک سے ہیملٹن ہال کی دوسری منزل پر جاتے دیکھا۔ طلبہ کے اخبار کولمبیا سپیکٹیٹر نے رپورٹ کیا ہے کہ گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔ہیملٹن ہال کو صبح کے وقت طلبا نے رکاوٹیں کھڑی کر کے بلاک کر دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ کسی بھی بیدخلی کا مقابلہ کریں گے۔پولیس کی جانب سے یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکہ کی یونیورسٹیوں کے منتظمین درجنوں کیمپس میں فلسطین کے حامی مظاہروں کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔امریکہ میں کالج انتظامیہ نے فلسطین کے حامی مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاجی کیمپوں کو ختم کر دیں۔کئی مظاہرین نے معطلی اور بیدخلی کی دھمکیوں کے باوجود اپنا احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔فلسطینی سکارف کوفیہ پہنے مظاہرین میں سے ایک نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہم (غزہ میں) اپنے لوگوں سے سبق سیکھتیہوئے یہاں رہیں گے جنہوں نے بدترین حالات میں بھی اپنی جگہ نہیں چھوڑی۔‘وائٹ ہاؤس نے ہیملٹن ہال کے قبضے پر کڑی تنقید کی اور ترجمان کا کہنا تھا کہ ’یہ بالکل غلط طریقہ ہے۔‘وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’یہ پْرامن احتجاج کی مثال نہیں ہے۔‘احتجاجی مظاہرے یونیورسٹی کے منتظمین کے لیے ایک چیلنج بن چکے ہیں۔