احمد آباد حادثہ کی جگہ سے 265نعشیں برآمد

   

ناقابل شناخت نعشوں کی پہچان ڈی این اے کے ذریعہ ہوگی

احمد آباد، 13 جون (یواین آئی) احمد آباد طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے 265 افراد کی نعشیں اب تک برآمد کی جا چکی ہیں جبکہ 47زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے ۔ایک سینئر پولیس افسر نے ‘یواین آئی’ کو بتایا کہ حادثے کی جگہ سے اب تک 265 نعشیں برآمد کی جا چکی ہیں اور ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک مرنے والوں کے 219 رشتہ دار ڈی این اے جانچ اور خون کے نمونے دینے کے لیے آ چکے ہیں اور ان کے نمونے لے لیے گئے ہیں۔ باقی خاندانوں سے بھی اس سلسلے میں رابطہ کیا جا چکا ہے ۔ نمونے لینے کے لیے فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی 10 ٹیموں کے 36 ماہرین چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہیں۔حادثے میں زخمی ہونے والے 47 افراد کو سول اسپتال لایا گیا تھا۔ ان میں سے 16 کا علاج او پی ڈی کے طور پر کیا جا رہا ہے جبکہ 31 کا علاج اسپتال میں داخل کر کے کیا جا رہا ہے ۔اس المناک حادثہ میں جمعرات کو دوپہر بعد احمد آباد سے لندن کے لیے پرواز بھرنے کے فوراً بعد ایئر انڈیا کا ڈریم لائنر طیارہ ایک میڈیکل کالج کے ہاسٹل پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ طیارے میں عملے کے 12 ارکان سمیت کل 242 افراد سوار تھے ، جن میں سے صرف ایک مسافر زندہ بچ سکا ہے ۔ ایئر انڈیا نے طیارے میں سوار 241 افراد کے حادثے میں ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے ۔