بلامقابلہ انتخاب کا اعلان ، چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو ، وزراء اور ارکان کی مبارکبادی
حیدرآباد۔ 7 فروری (سیاست نیوز) آندھرا پردیش قانون ساز کونسل صدرنشین عہدہ پر جنرل سیکریٹری قومی تلگو دیشم و گورنمنٹ وہپ محمد احمد شریف کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔ اس عہدہ کیلئے صرف ایک پرچہ نامزدگی داخل ہوا تھا جس پر کرسی صدارت پر فائز نائب صدرنشین ریڈی سبرامنیم نے احمد شریف کے بلامقابلہ انتخاب کا اعلان کیا جس کے ساتھ ہی چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اور ان کے کابینی رفقاء اور دیگر ارکان کونسل نے انہیں مبارکباد پیش کی اور صدارتی کرسی پر بٹھایا۔ اس طرح احمد شریف نے صدرنشین کونسل کی ذمہ داری سنبھال لی۔ بعدازاں چیف منسٹر نے احمد شریف کو صدرنشین کونسل منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کی غیرجانبداری و شخصیت کی ستائش کی اور کہا کہ تلگو دیشم کو مستحکم بنانے میں فعال و شاندار خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ جناب این محمد فاروق کو وزارتی عہدہ اور احمد شریف کو صدرنشین کونسل عہدہ پر فائز کے اپنے وعدے کو پورا کیا گیا اور کہا کہ اقلیتوں کے دو اہم قائدین کو اہمیت کے حامل عہدوں پر فائز کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں 78.5% عوام تلگو دیشم حکومت سے مطمئن ہیں۔ بابو نے نومنتخب چیرمین کونسل سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے توقع کا ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں کونسل میں بہتر مباحث ہونگے اور ایوان کی کارروائی غیرجانبداری اور پرامن انداز میں جاری رہے گی۔ وزیر فینانس وائی راما کرشنوڈو وزیر اقلیتی بہبود محمد فاروق کے علاوہ دیگر وزراء اور ارکان نے بھی احمد کیلئے نیک توقعات کا اظہار کیا۔ بعدازاں صدرنشین احمد شریف نے جوابی تقریر میں کہا کہ چندرا بابو نے جس توقع و اعتماد کے ساتھ انہیں اس عہدے پر فائز کیا اس پر اظہار تشکر کرتے ہیں اور چیف منسٹر کی ان توقعات کو پورا کرکے بھروسہ کو برقرار رکھنے کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے وقار میں مزید اضافہ کرنے اپنی ممکنہ کوشش کے ذریعہ ارکان کے ساتھ بھی اپنی مکمل غیرجانبداری برتنے کا اظہار کیا۔