احمدآباد میں سونے کی جھاڑو لگاکر رتھ یاترا کا آغاز

   

احمد آباد : گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے آج احمد آباد میں رتھ یاترا کے راستے میں سونے کی جھاڑو لگانے کی ‘پہند’ رسم ادا کرتے ہوئے بھگوان جگن ناتھ کی 147 ویں رتھ یاترا کا آغاز “جئے جگناتھ” کے نعروں کے ساتھ کیا۔ اس سے قبل، قدیم روایت کے مطابق، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آشادھی دوج کے موقع پر آج صبح 4 بجے جمال پور کے بھگوان جگن ناتھ مندر میں درشن-منگلا آرتی کی۔ اس کے بعد قبائلی رقص اور گربا کے پروگرام منعقد کیے گئے ۔ اس موقع پر بھگوان کو خصوصی کھچڑی پیش کی گئی اور بھگوان کی آنکھوں پر پٹی کھولنے کی رسم ادا کی گئی۔ بھگوان کی آرتی کے ساتھ ساتھ ہزاروں عقیدت مندوں نے بھگوان شری جگن ناتھ کے درشن کئے ۔ آرتی کے بعد صبح 5:45 بجے بھگوان کو رتھ میں بٹھایا گیا۔ اسی وقت،مسٹرپٹیل نے صبح سات بجے رتھ یاترا کے راستے پر سونے کی جھاڑ لگانے کی رسم ادا کی ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سنگھوی بھی موجود تھے ۔