تہران : ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے ملک کے سکیورٹی حکام کو ایک پیغام بھیجا ہے، جس میں انہوں نے خبردار کیا ہے کہ انہیں (احمدی نژاد) کو قتل کرنے متعدد بار کوشش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے کسی وقت بھی جان سے مارا جا سکتا ہے۔ اس لیے مجھے اضافی سکیورٹی فراہم کی جائے۔احمدی نژاد نے “ٹیلیگرام” پر “اسپرنگ اسٹیٹ” چینل کے ذریعہ پہلی بار اپنے قتل کی کوشش کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے اپنی حفاطت کے لیے اضافی سکیورٹی اور احتیاطی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔احمدی نژاد اور ان کے سیاسی گروپ کے ترجمان چینل نے کہا کہ “پچھلے دور کے دوران عملی اقدامات ڈاکٹر احمدی نژاد کو قتل کرنے کی منظم کوشش کو واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں۔”جبکہ سابق صدر کے حامی اس خبر کو کافی تشویش سے دیکھ رہے ہیں۔احمدی نژاد ایرانی حکومت کے چھٹے صدر ہیں اور اکبر ہاشمی رفسنجانی کے خلاف 2005 کے صدارتی انتخابات میں ان کی جیت حیران طور پر سامنے آئی تھی۔ اس وقت حکومت پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ احمدی نژاد کو جتوانے کے لیے حکومت نے الیکشن کے عمل میں مداخلت کی تھی۔