اُردو میڈیم اسکول مدنور میں کوئسچن بنک کی تقسیم
بچکنڈہ ۔ 27 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گورنمنٹ اردو میڈیم ہائی اسکول مدنور میں روزنامہ سیاست اخبار کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ و طالبات میں تلگو سیکنڈ لینگویج کوئسچن بینک کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ رپورٹر روزنامہ سیاست حافظ و قاری شیخ محسن نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دسویں جماعت کی تعلیم اعلیٰ تعلیم کی پہلی اور مضبوط بنیاد ہے، اگر طالب علم اس مرحلے میں کامیابی حاصل کرلیں تو اعلیٰ تعلیم کے دروازے ان کے لیے کھل جاتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ تعلیم کو سنجیدگی کے ساتھ جاری رکھیں، محنت، لگن اور سچی کوشش کے ساتھ مطالعہ کریں، کوئسچن بینک سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے آنے والے امتحانات میں اعلیٰ نشانات حاصل کرنے کی کوشش کریں، غیر ضروری طور پر ٹی وی اور موبائل فون کے استعمال سے اجتناب کریں، نمازوں کی پابندی کریں، دعاؤں کا اہتمام کریں اور اپنے اساتذہ و اسکول کا نام روشن کریں۔ شاہین بیگم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارۂ سیاست کی تعلیمی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، روزنامہ سیاست وہ واحد ادارہ ہے جو ملت اور پسماندہ طبقات کی تعلیمی رہنمائی کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہا ہے، طلبہ کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے ذریعے ادارہ سیاست نے ہزاروں طلبہ کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر ہیڈ ماسٹر پھلی ملیشم، رچا شوا کانت اور شاہین بیگم موجود تھے۔