بلیک مارکٹنگ روکنے پر زور ۔ مرکزی وزیر صحت کی ویڈیو کانفرنس، تلنگانہ میں کمیونٹی ٹرانسمیشن نہیں
حیدرآباد۔ 10 اپریل (سیاست نیوز) وزیر صحت ای راجندر نے آج مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن کی جانب سے وزرائے صحت کی ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ راجندر نے مرکزی وزیر کو تجویز پیش کی کہ ریاست اور ملک میں تیار ہونے والی ادویات اور میڈیکل آلات پر ٹیکس سے دستبرداری اختیار کی جائے۔ اس کے علاوہ بیرونی ممالک سے درآمد کئے جانے والے میڈیکل آلات، کٹس پر بھی ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ وینٹیلیٹرس اور دیگر طبی آلات ای سی آئی ایل اور ڈی آر ڈی او جیسے اداروں میں تیار کرتے ہوئے ریاستوں کو سربراہ کئے جائیں۔ N-95 ماسکس، PPE کٹس وافر مقدار میں تلنگانہ کو سربراہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل آلات اور کورونا پر قابو پانے کے سلسلہ میں استعمال کئے جانے والی طبی اشیاء کی بلاک مارکٹنگ کو روکنے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے وائرس سے نمٹنے کے اقدامات میں ریاستوں کو مرکز کی جانب سے مکمل تعاون کی خواہش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک تلنگانہ میں کمیونٹی ٹرانسمیشن کا آغاز نہیں ہوا ہے۔ ریاست میں 8500 افراد کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 471 میں کورونا پازیٹیو پایاگیا۔ ان تمام کا علاج جاری ہے۔ 45 مریضوں کو صحت مند ہونے پر ڈسچارج کردیا گیا اور ریاست میں ابھی تک 12 اموات واقع ہوئی ہیں۔ ای راجندر نے کہا کہ ملک بھر میں لاک ڈائون میں توسیع کے سلسلہ میں تمام ریاستی حکومتوں کی رائے حاصل کی جانی چاہئے۔
