ادویات کی بلیک مارکٹنگ روکنے آندھراپردیش حکومت کو ہائیکورٹ کی ہدایت

   

انجکشنس کی سربراہی کے بارے میں مرکز سے رپورٹ طلب
حیدرآباد : آندھراپردیش ہائیکورٹ نے حکومت کو ادویات کی بلیک مارکٹنگ روکنے سخت اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ کورونا کی صورتحال پر ہائیکورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے دریافت کیاکہ کورونا کی ادویات کی بلیک مارکٹنگ روکنے کے لئے کیا قدم اٹھائے گئے۔ حکومت نے بتایا کہ اِس سلسلہ میں فلائنگ اسکواڈس کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے کہاکہ مرکز کی جانب سے آندھراپردیش کو مناسب مقدار میں انجیکشن سربراہ نہیں کئے گئے۔ 1400 مریضوں کے لئے صرف 13000 انجیکشن کی منظوری دی گئی جبکہ ہر مریض کو کم از کم 15 دنوں تک روزانہ 3 انجیکشن کی ضرورت پڑتی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بلیک فنگس کے مریضوں کے لئے 50 ہزار انجیکشنس کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خانگی فارما کمپنیوں سے زائد انجیکشن کی خریدی کا فیصلہ کیا گیا۔ عدالت نے مرکزی حکومت کے وکیل سے سوال کیاکہ بلیک فنگس سے نمٹنے کے لئے درکار انجکشن کیوں سربراہ نہیں کئے گئے۔ عدالت نے پوچھا کہ ریاستوں کو انجیکشن سربراہی کے معیارات کیا ہیں۔ اِس سلسلہ میں مرکز سے تفصیلی جواب طلب کیا گیا۔