ادھم پور میں ایس پی او نے اپنے ساتھی کی جان لے لی

   

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) نے مبینہ طور پر اپنی سروس رائفل سے اپنے ساتھی پر گولی چلا کر ان کی جان لے لی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آپس کی لڑائی یا برادر کشی کا یہ واقعہ ادھم پور چوک میں گزشتہ رات پیش آیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ادھم پور چوک میں رات کے قریب گیارہ بجے ملزم ایس پی او منوہر لال نے اپنے ساتھی سینئر گریڈ کانسٹیبل کاکا رام پر اپنی سروس اے کے 47 رائفل سے گولیاں چلائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی کاکا رام کو پہلے ضلع ہسپتال ادھم پور اور بعد ازاں فوجی ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں سے جانبر نہ ہو سکے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دونوں کے درمیان کسی معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں اس واقعے پر منتج ہوئی۔