ادھو ٹھاکرے کا ’ایک پارٹی، ایک انتخاب‘ پر طنز

   

ممبئی 17جولائی (یو این آئی) شیو سینا (یو بی ٹی) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ مہاراشٹر ادھو ٹھاکرے نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کا مقصد صرف ایک پارٹی اور ایک انتخاب کو فروغ دینا ہے ۔ یہ بیان انہوں نے سینئر صحافی، سیاستدان اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت کے ساتھ ان کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر ریکارڈ کیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں دیا، جو 27 جولائی کو منائی جاتی ہے ۔ انٹرویو کی مکمل اشاعت سے قبل، سنجے راوت نے جمعرات کو اس کا ایک مختصر ویڈیو کلپ (ٹیزر) سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس میں ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی رائے میں صرف ایک پارٹی ہونی چاہیے ۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ ’’یہ ایک پارٹی ہوگی، کوئی انتخاب نہیں ہوگا‘‘۔ جب راوت نے یہ سوال اٹھایا کہ چیف جسٹس آف انڈیا بھوشن گاوائی کی والدہ کملتائی گاوائی نے بیلٹ پیپر نظام اور ای وی ایم کے خاتمے کی وکالت کی ہے ، تو ادھو ٹھاکرے نے ان سے اتفاق کیا اور کہا کہ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ان کا ووٹ کہاں گیا ہے ۔ اس موقع پر ادھو ٹھاکرے نے موجودہ حالات کو ایمرجنسی سے بھی تشبیہ دی اور کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ایمرجنسی کا اعلان کھلے عام کیا تھا، لیکن آج کی حکومت میں اتنی ہمت بھی نہیں ہے۔