حیدرآباد۔ یکم مارچ (سیاست نیوز)مضافاتی علاقہ ابراہیم پٹنم میں نامعلوم افراد نے رئیل اسٹیٹ کے تاجراور اس کے ساتھی پر گولیاں چلادیں جس کے نتیجہ میں دونوں ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ صبح کی اولین ساعتوں میں کرنم گوڑہ علاقہ میں پیش آیا۔ نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں 40 سالہ سرینواس ریڈی برسر موقع ہلاک ہوگیا جس کی رئیل اسٹیٹ کے تاجر کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔اس واقعہ میں اس کا ساتھی راگھویندرریڈی دواخانہ میں دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بشمول کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت مقام واردات پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا ۔ نامعلوم حملہ آوروں نے مہیندرااسکارپیو گاڑی پر فائرنگ کردی جس میں سرینواس ریڈی اور اس کا ساتھی سفر کررہے تھے ۔اس واقعہ میں زخمی عنبرپیٹ کے رہنے والے راگھویندرنے پولیس سے کہا کہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پرفائرنگ کردی۔پولیس کی جانب سے قاتلوں کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ اراضی تنازعہ اس سنگین واردات کی اصل وجہ ہوسکتاہے۔ پولیس کو کرائے کے قاتلوں کے ذریعہ اس کارروائی کو انجام دینے کا شبہ ہے۔ رگھوویرا کی بھی اسپتال منتقلی کے دوران موت ہوگئی۔مقامی افراد نے گاڑی پر خون کے دھبے اور زمین پر ایک شخص کے بے ہوش پڑے ہونے کو دیکھ کر پولیس کو اس بات کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول سرینواس ریڈی کاتعلق الماس گوڑہ سے ہے ۔پولیس نے شبہ ظاہر کیاکہ اراضی کے تنازعہ کے نتیجہ میں یہ واردات پیش آئی۔ان دونوں کا مٹا ریڈی سے تنازعہ چل رہا تھا جس کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تینوں نے پٹیل گوڑہ میں 22 ایکر اراضی پر وینچر کیا تھا اور ان کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ع