اردغان کے انتخابی جلسے میں17 لاکھ افراد کی شرکت

,

   

انقرہ: استنبول میں اتاترک ایئرپورٹ پر صدر رجب طیب اردغان کے انتخابی جلسے کو صدی کا سب سے بڑا سیاسی جلسہ قرار دیا جارہا ہے، جس میں 17 لاکھ لوگ شریک ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 7 مئی کو استنبول میں منعقدہ انتخابی جلسہ صدی کا بڑا جلسہ تھا، جس میں 1.7 ملین افراد نے شرکت کی، جسے دیکھتے ہوئے نہ صرف اردغان کی مقبولیت کا پتا چلتا ہے بلکہ چند دن بعد ہونے والے انتخابات میں ان کی پوزیشن بھی مستحکم دکھائی دیتی ہے ۔ ترکیہ میں 14 مئی کو الیکشن ہوں گے۔ اگرچہ گزشتہ دنوں منعقدہ عوامی پولز میں بتایا گیا کہ اردغان پر ان کے سیاسی حریف کمال قلیچ دار اوغلو کو تھوڑی سی برتری حاصل ہے ، تاہم اردغان کی آق پارٹی کے حالیہ جلسے نے ان کی مقبولیت کا ایک اور ثبوت دے دیا ہے ۔ ترک صدر رجب طیب اردغان نے اس بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ اپوزیشن اتحاد کو ملک کو تقسیم کرنے کا موقع نہ دیں۔ ری پبلیکنز پیپلز پارٹی کی قیادت میں 6 پارٹیوں پر مشتمل اپوزیشن کی نیشنل الائنس کی جانب سے کمال قلیچ دار اوغلو صدارت کے امیدوار ہیں۔ 14 مئی کو ترک ووٹرز نئے صدر مملکت کے انتخاب کیلئے ووٹ ڈالیں گے ۔