عمان : غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد اردن نے امریکی صدر کے ساتھ طے شدہ ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق صدر بائیڈن کے مشرق وسطیٰ کے دورہ کے دوران مصر، اردن اور فلسطینی صدر کے ساتھ ملاقات سے امید کی جا رہی تھی کہ یہ مشرق وسطیٰ میں امن عمل کو آگے بڑھانے میں مؤثر ثابت ہوگی۔اردن کے وزیر خارجہ ایمن صدافی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جو بائیڈن کے ساتھ سربراہی اجلاس کا انعقاد اْس وقت ہو گا جب جنگ روکنے اور ان قتلِ عام کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ غزہ کے ایک اسپتال میں ہونے والے مہلک دھماکے پر غم و غصہ ہے اور سکیورٹی ٹیم کو مزید تفصیلات اکٹھا کرنے کا کہا ہے۔حماس نے اس حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب سے غلط فائر کیا گیا راکٹ اس حملے کا ذمہ دار ہے۔
امریکہ کی اپنے شہریو ں کو لبنان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت
واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے لبنان کے لیے اپنی سفری ایڈوائزری بڑھا دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سفری ایڈوائزری میں شہریوں کو لبنان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غیر متوقع سیکیورٹی کی صورتِ حال کی وجہ سے امریکی اہلکاروں کے اہلِ خانہ کو روانگی کی اجازت ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بیروت میں امریکی سفارت خانے سے کچھ اہلکاروں کو عارضی روانگی کی اجازت دی گئی ہے۔