عمان ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اردن نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ چہارشنبہ کو اسے عراقی تیل کی پہلی کھیپ موصول ہوئی جس پر پانچ سال سے دولت اسلامیہ نے پابندی عائد کر رکھی تھی۔ 2014ء تا 2017ء دولت اسلامیہ عراق کے کئی اہم علاقوں پر قابض تھی۔ دریں اثناء وزیرتوانائی حالازواتی نے بتایا کہ مذکورہ عراقی تیل کی کھیپ فروری میں کئے گئے ایک معاہدہ کے مطابق سربراہ کی گئی ہے جس کے مطابق یومیہ 10,000 بیارلس خام تیل بذریعہ ٹرک سربراہ کئے جانے پر اتفاق ہوا تھا۔ اس طرح اب سربراہ کئے جانے والے تیل سے اردن کی روزانہ کی تیل ضروریات کی سات فیصد تکمیل ہوجاتی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ عراقی خام تیل کو ترائبل۔ کرامیہہ کراسنگ کے ذریعہ لایا جاتا ہے جو ان دو عرب ممالک کے درمیان واحد سرحدی پوسٹ ہے جسے تین سال تک بند کردیا گیا تھا اور 2017ء میں دولت اسلامیہ کی عراق میں شکست کے بعد اسے دوبارہ کھولا گیا تھا۔
