اردو میڈیم طلبہ عزم و حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھیں، ترقی کے کئی مواقع

   

ورنگل میں محمد عبدالرحمن میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ٹاپرس کو انعامات اور تہنیت کی پیشکشی

ورنگل ۔/23ا گسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )محمد عبدالرحمن میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام تعلیمی سال 2022-23کے ہنمکنڈہ اور ورنگل کے اردو میڈیم ایس ایس سی ٹاپرس طلباء و طالبات کی تہنیتی تقریب کا اسلامیہ کالج ورنگل میں انعقاد عمل میں لایا گیا ۔جس کی صدارت صدر ٹرسٹ محمد مجیب الرحمن ریاستی جنرل سکریٹری ( TUTA) نے کی ۔اس موقع پر انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ تعلیم ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے تعلیم کسی قوم یا معاشرے کیلئے ترقی کی ضامن ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ان کے والد محمد عبدالرحمن میموریل ٹرسٹ کی جانب سے اردو میڈیم کے طلباء و طالبات جو دسویں جماعت میں نمایاں مظاہرہ کیا ہے انہیں کیسہ زر سے نوازا گیاہے ۔انہوںنے طلباء سے کہاکہ اردو میڈیم طالب علم احساس کمتری مین مبتلا نہ ہوں بلکہ عزم مصمم اور حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھیں ۔انہوںنے کہاکہ انٹر کے بعد ملازمت کے کئی مواقع فراہم ہیں ۔اور حکومت کی جانب سے یہ موقع فراہم کیا گیا ہے کہ ملازمت کے حصول کے لئے منعقد کئے جانے والے امتحانات اردو میں بھی تحریر کرسکتے ہیں ۔جناب خواجہ نجم الدین گیلانی صدر مدرس اسلامیہ ہائی اسکول نے طلباء کو علم حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ۔جناب محمد الیاس نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ طلباء اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کریں ۔اس موقع پر ڈاکٹر خواجہ معز الدین میڈیکل آفیسر کی جانب سے طلباء میں کیسہ زر عطا کیا گیا ۔جناب محمد مجاہد حسین لکچرر نے نظامت کی اور محمد منیر الدین پرنسپل اسلامیہ جونیر کالج نے اظہار تشکر کیا ۔اس موقع پر جناب محمد ساجد وائس پرنسپل اسلامیہ کالج ،ڈاکٹر محمد عبدالقیوم لکچرر اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔