اردو میڈیم کے 52 مدارس کی عنقریب دوبارہ کشادگی

   

محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا اقلیتی کمیشن کو تیقن، اجلاس میں 9 مقدمات کی سماعت

حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 9 مقدمات کی سماعت کی گئی۔ جوائنٹ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن، ریجنل ڈائرکٹر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حیدرآباد نے کمیشن کے روبرو پیش ہوتے ہوئے حیدرآباد میں 52 اردو میڈیم اسکولوں کی جلد از جلد دوبارہ کشادگی کا یقین دلایا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے ایک عمارت میں ایک سے زائد اسکولوں کی منتقلی کے سسٹم پر روک لگانے اور آصف نگر اردو میڈیم اسکول کے طلبہ کو وجئے نگر کالونی میں کسی موزوں عمارت میں منتقل کرنے کا تیقن دیا۔ وجئے نگر کالونی میں ریونیو آفس کا تخلیہ کرتے ہوئے اسکول کیلئے جگہ دی جائے گی۔ تلنگانہ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن اور مدارس فیڈریشن ایجوکیشن ویلفیر سوسائٹی نے کمیشن سے شکایت کی تھی کہ اردو میڈیم مدارس کو بند کیا جارہا ہے۔ اردو میڈیم اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور خانگی اسکولوں کی جانب سے بھاری فیس کی وصولی کی شکایت کی گئی۔ کمیشن نے میتھوڈسٹ چرچ کی جائیدادوں میں بدانتظامیوں سے متعلق شکایات کا جائزہ لیا۔ فریقین کی سماعت کے بعد فیصلہ کو محفوظ کردیا گیا۔ معین آباد منڈل کے کنکا مامڈی موضع میں 3 ایکر اراضی کے مالکان کا نام ریونیو ریکارڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ ڈپٹی تحصیلدار بھرت کمار نے کمیشن کو اپنا موقف بیان کیا۔ کمیشن 12 ڈسمبر کو اراضی کا دورہ کرسکتا ہے۔ کمیشن نے گجویل منڈل میں اراضی کے معاملہ کی سماعت کی۔ سپرنٹنڈنٹ تحصیل آفس گجویل نے کمیشن کے روبرو حاضر ہوکر وقت مانگا۔ کمیشن نے ایک اور معاملہ میں چیف ایکزیکیٹو آفیسر کو نوٹس جاری کی تھی لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے لہذا دوبارہ نوٹس کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا۔ وقف جائیداد طویلہ سفر خاں کے متولی کی شکایت پر یہ نوٹس جاری کی گئی ہے۔ شیخ پیٹ میں سیلنگ اراضی کو باقاعدہ بنانے کے علاوہ ریٹائرڈ ایڈیشنل ٹاون پلانر جی ایچ ایم سی خالد سرور اور ریٹائرڈ ٹاون پلاننگ سوپر وائزر جی ایچ ایم سی افضل علی کی شکایات کی سماعت کی گئی۔ ان دونوں عہدیداروں کے ریٹائرمنٹ بینفٹ جاری نہیں کئے گئے۔ دونوں مقدمات کی آئندہ سماعت 28 ڈسمبر کو ہوگی۔