اردو، فارسی اور انگلش قبول ہے لیکن ہندی سے اختلاف کیوں : پون کلیان

   

جنوبی ہند کی ریاستوں میں مخالف ہندی مہم افسوسناک، جنوبی ہند کی فلموں کی ہندی میں ڈبنگ سے بھاری آمدنی، دکھشن سمواد سے ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش کا خطاب

حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے ملک میں ہندی زبان کو مسلط کرنے کی مہم کی جناسینا کے سربراہ اور آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے بالواسطہ طور پر تائید کی ہے۔ پون کلیان سے سوال کیا کہ جب انگلش، اردو اور فارسی کو تسلیم کیا جارہا ہے تو پھر ہندی کے بارے میں دوہرا معیار کیوں؟ پون کلیان دکھشن سمواد پروگرام سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام محکمہ سرکاری زبان نے گولڈن جوبلی تقاریب کے ضمن میں کیا تھا۔ مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی اور راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیرمین ہریونش نارائن سنگھ کے علاوہ ڈپارٹمنٹ اور لینگویجس کے سینئر عہدیداروں و ہندی زبان کے اسکالرس نے شرکت کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش پون کلیان نے کہا کہ ہندی کی اندھی مخالفت انصاف پسندی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جرمن، جاپانی اور دیگر بیرونی زبانوں کو روزگار کے حصول کے لئے سیکھتے ہیں اسی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں مواقع حاصل کرنے کے لئے انگلش سیکھی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ زبان تعلیم، روزگار اور تجارت کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ایسے میں ہندی زبان کی اندھی مخالفت سے مستقبل کی نسلوں کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ہم انگریزی بہتر طور پر ادا کرسکتے ہیں تو پھر ہندی بولنے میں خوف اور تامل کی کیا ضرورت ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے ہندی کی مخالفت پر تنقید کرتے ہوئے پون کلیان نے کہا کہ جنوبی ہند کے بعض گوشوں میں ہندی کی مخالفت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند کی 31 فیصد فلموں کو ہندی زبان میں ڈب کیا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں مناسب آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ عوام بزنس کے لئے ہندی کے استعمال کے لئے تیار ہیں تاکہ سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل ہو لیکن جب زبان کو سیکھنے کی بات آتی ہے تو سیاست کرنے لگتے ہیں۔ پون کلیان نے یاددلایا کہ سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اگرچہ تامل تھے لیکن وہ ہندی کے غیر معمولی مداح تھے۔ پون کلیان نے کہا کہ زبان کو عوام کو آپس میں متحد کرنے کے لئے استعمال کیا جائے ناکہ تفریق کے لئے۔ دنیا سماج میں پھوٹ پیدا کرنے کے لئے کام کررہی ہے جبکہ ہم ایسی زبان کی تلاش میں ہیں جو ہر کسی کو متحد رکھ سکے۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت میں ہندوستانی زبانوں کا سنہرا دور جاری ہے۔ گزشتہ ایک دہے کے دوران نیشنل لینگویج ڈپارٹمنٹ نے ہندی اور دیگر ہندوستانی زبانوں کے فروغ کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ 1