اردودنیا کے ممتاز مزاح نگار پدم شری مجتبیٰ حسین کا انتقال

, ,

   

روز نامہ ’سیاست ‘ سے کیریئر کا آغاز اورآخری سانس تک وابستگی ،حساس و شائستہ طنز نگاری کے عہد کا اختتام

حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) اردو ادبی دنیا میں یہ خبر افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ اردو کے مشہور مزاح نگار پدم شری مجتبیٰ حسین کا آج صبح حیدرآباد میں انتقال ہوگیا۔ وہ 15 جولائی1936 کو گلبرگہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی تعلیم گھر پر ہوئی اور 1956میں عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ انہیں طنزومزاح کی تحریروں کا ذوق تھا جس کی تکمیل کے لیے روزنامہ سیاست سے وابستہ ہوگئے اور وہیں سے ان کے ادبی سفر کا آغاز ہوا۔ 1962ء میں محکمہ اطلاعات میں ملازمت کاآغاز کیا۔ 1972 میں دہلی میں گجرال کمیٹی کے ریسرچ شعبہ سے وابستہ ہو گئے۔ دلی میں مختلف محکموں میں ملازمت کے بعد 1992 میں ریٹائر ہو گئے۔ مجتبیٰ حسین ملک کے پہلے طنزومزاح کے ادیب ہیں جن کو وفاقی حکومت نے بحیثیت مزاح نگار پدم شری کے باوقار سویلین اعزاز سے نوازا۔ تاہم انہوں نے جاریہ سال کے اوائل میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بطور احتجاج پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کیا تھا مجتبیٰ حسین کے مضامین پر مشتمل 22 سے زائد کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ ان کی 7 کتابیں ہندی زبان میں شائع ہوئیں۔ جاپانی اور اڑیہ زبان میں بھی ایک، ایک کتاب شائع کی گئی۔ انہیں 10 سے زائد ایوارڈز حاصل ہوئے جن میں غالب ایوارڈ، مخدوم ایوارڈ، کنور مہندر سنگھ بیدی ایوارڈ اور دوسرے ایوارڈس شامل ہیں۔ جناب مجتبیٰ حسین برصغیر کے نامور ادیب و صحافی ابراہیم جلیس اور محبوب حسین جگر کے چھوٹے بھائی تھے۔ انتقال کی اطلاع ملتے ہی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب ظہیرالدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر نے پسماندگان کو پرسہ دیا اور جناب مجتبیٰ حسین کی سیاست خاندان سے دیرینہ وابستگی کو خراج پیش کیا۔ مختلف سیاسی ، سماجی ، علمی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں نے بھی مجتبیٰ حسین کو خراج پیش کیا ۔ ملک اور بیرون ملک سے تعزیتی پیامات وصول ہوئے۔ جناب مجتبیٰ حسین کی نماز جنازہ بوقت عصر مسجد فرمان واڑی عابڈس میں ادا کی گئی اور متصل قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان محمد ہادی حسین انجنیئر اور محمد مصباح الحسین انجنیئر حال مقیم دمام سعودی عرب اور دو دختران شامل ہیں۔ تفصیلات کیلئے فون نمبرات 9490086633 اور 9704027755 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔