ارمیلا کا 30 برس بعد اپنے مشہور گانے پر ڈانس

   

ممبئی ، 8 ستمبر (ایجنسیز) بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ارمیلا مٹونڈکر کی فلم ’رنگیلا‘ کی ریلیز کے 30 سال مکمل ہونے پر شیئر کی گئی ڈانس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔ ارمیلا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کیساتھ اپنی 1995 کی فلم کے اپنے مشہور گانے ’رنگیلا رے‘ پر ڈانس کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی ہے۔ رام گوپال ورما کی ہدایت کاری والی اس فلم کا گانا ’رنگیلا رے‘ بے حد مشہور ہوا تھا۔ عامر خان اور ارمیلا کے ساتھ جیکی شراف کی اداکاری سے سجی فلم سوپر ہٹ ثابت ہوئی تھی۔ حالیہ ویڈیو میں ارمیلا آسمانی اور سفید رنگ کے شارٹ فراک زیب تن کی ہوئی ہیں اور اس گانے پر ڈانس کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ اس ویڈیو پر مداحوں کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ لگتا ہی نہیں کہ اداکارہ 51 سال کی ہیں اور تیس برس بعد اپنے اس گانے پر پرفارم کر رہی ہیں۔ مداحوں نے ارمیلا کی فٹنس کی تعریف کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔