سونیا گاندھی کے خلاف ریمارکس کی مذمت، غریبوں کو غیر معیاری چاول کی سربراہی کی شکایت
حیدرآباد۔ 24 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ریپبلک چیانل کے ایڈیٹر ارنب گوسوامی کے خلاف نلگنڈہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس رنگاناتھ کو یادداشت پیش کی جس میں سونیا گاندھی کے خلاف تحقیر آمیز ریمارک پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر پاٹل سے ملاقات کرتے ہوئے ضلع میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات پر بات چیت کی۔ انہوں نے کسانوں کی پیداواری اشیاء کی خریدی کے سلسلہ میں اقدامات کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے چار صفحات پر مشتمل یادداشت میں شکایت کی کہ ارنب گوسوامی نے صحافتی اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سونیا گاندھی کو نشانہ بنایا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آئی پی سی کی 10 مختلف دفعات کے تحت ارنب گوسوامی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ ریپبلک ٹی وی اور ارنب گوسوپالی کے خلاف کریمنل کیس درج کیا جائے۔ یادداشت پر سابق اپوزیشن لیڈر کے جانا ریڈی، صدر ضلع کانگریس کے شنکر نائک، سابق رکن اسمبلی این بالو نائک اور دیگر قائدین کے دستخط تھے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے ارنب گوسوامی کے ریمارکس پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی قابل اعتراض ریمارکس کرتے ہوئے سونیا گاندھی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے کی رقم مستحقین تک نہیں پہنچی ہے۔ غیر معیاری چاول عوام کو سربراہ کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے غیر مقامی ورکرس کے تحفظ میں حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ضمانت روزگار اسکیم کے تحت ان ورکرس کو کام فراہم کیا جائے۔
