نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی نے ریاست کے انچارج جنرل سکریٹری پر من مانی کرنے اور دہلی میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ساتھ انتخابی اتحاد کے خلاف احتجاج میں اتوار کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔کانگریس ذرائع نے بتایا کہ لولی کا استعفیٰ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کو موصول ہوگیا ہے لیکن استعفیٰ ابھی تک قبول نہیں کیا گیا ہے اور اس میں لکھے گئے نکات پر غور کیا جارہا ہے ۔لولی نے اپنا استعفیٰ کانگریس صدر کھڑگے کو بھیج دیا ہے اور ان کا شکریہ اداکیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال اگست میں انہیں دوبارہ دہلی پردیش کانگریس کی قیادت سونپی تھی۔ خط میں انہوں نے لکھا کہ گزشتہ 7-8 مہینوں کے دوران انہوں نے دہلی کے سبھی سات لوک سبھا پارلیمانی حلقوں کا دورہ کیا اور ناراض کارکنوں اور پارٹی چھوڑنے والے کئی کانگریسی لیڈروں کو دوبارہ پارٹی میں شامل کرکے دہلی میں کانگریس کو مضبوط کرنے کا کام کیا، لیکن پارٹی کی مرکزی قیادت نے دہلی کے حوالے سے من مانی فیصلے کیے جس کے خلاف وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔