اروند کجریوال نے ملک کی سیاست کو نئی راہ دکھائی: بھگوت مان

   

جموں: عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگوت مان نے اتوار کے روز کہاکہ اروند کیجروال نے ملک کی سیاست کو نئی سمت کی اور گامزن کیا۔انہوں نے کہاکہ اروند کیجروال ایک سوچ کا نام ہے اور اسی سوچ کو ختم کرنے کی خاطرانہیں گرفتار کیا گیا لیکن لوگوں کے آشیرواد سے سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت دی۔ان باتوں کا اظہار بھگوت مان نے ڈوڈہ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ڈوڈہ کے لوگوں نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر معراج ملک کو جتوا کرنئی تاریخ رقم کی اور یہ ایک کرشمہ ہے ۔بھگوت مان نے کہا کہ اروند کیجروال نے انکم ٹیکس کمشنر کی نوکری چھوڑ کر سیاست میں قدم رکھا اور پورے ملک میں ایک بڑا آندولن شروع کیا ۔ان کے مطابق سال 2017میں پنجاب میں چار ممبران اسمبلی جیت کر آئے اور سال 2022میں 117میں سے 92نشستیں جیت کر عام آدمی پارٹی نے تاریخ رقم کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ عاپ پارٹی عام لوگوں کو ہی ممبران اسمبلی ، منتری اور وزیر اعلیٰ بناتی ہے اور کوئی بھی دوسری جماعت ایسا نہیں کرسکتی وہ صرف اپنے رشتہ داروں کو ہی فائدہ پہنچاتی ہیں۔پنجاب کے وزیرا علیٰ نے کہاکہ دہلی میں عام آدمی پارٹی نے ایک انقلاب لایا، لوگوں کو مفت بجلی اور پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکولوں میں بہتر تعلیم فراہم کی جارہی ہیں۔