نگیٹیو رپورٹ کے ساتھ ہی ایوان آئیں۔ عملہ و میڈیا کیلئے بھی شرط
حیدرآباد۔ اسمبلی اور کونسل کے ارکان کو دوبارہ کورونا ٹسٹ اور نگیٹیو رپورٹس کے ساتھ ایوانوں کو پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسمبلی سیشن کیلئے وسیع تر احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی اور صدر نشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے دونوں ایوانوں کے ارکان کے علاوہ عہدیداروں، پولیس اور میڈیا کو ہدایت دی کہ وہ اتوار کی شام تک دوبارہ کورونا ٹسٹ کرالیں اور نگیٹیو رپورٹس کے ساتھ ہی اسمبلی اور کونسل کو پہنچیں۔ اگر کسی کی رپورٹ پازیٹیو ہے تو وہ گھروں میں آرام کو ترجیح دیں۔ واضح رہے کہ 7 ستمبر سے مانسون سیشن کا آغاز ہوا جو 28 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اسمبلی و کونسل اجلاس سے قبل تمام ارکان و عہدیداروں کا ٹسٹ کیا گیا تھا۔ تاہم ہفتہ اور اتوار کو تعطیلات تھیں۔ پیر سے دوبارہ دونوں ایوانوں کا آغاز ہونے والا ہے جس کے پیش نظر اسمبلی اور کونسل کو حاضر ہونے والوں کو دوبارہ کورونا ٹسٹ کرانے کے احکامات جاری ہوئے ہیں جس کی پابندی کرنا سب کیلئے لازمی ہے۔