ارکان اسمبلی کو لائبریریز سے استفادہ کیلئے اسپیکر کا مشورہ

   

لائبریری کمیٹی کا اجلاس، پوچارم سرینواس ریڈی اور سکھیندر ریڈی کی شرکت

حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) ریاستی اسمبلی کی لائبریری کمیٹی کا پہلا اجلاس آج کمیٹی ہال میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے صدرنشین اور نارائن پیٹ کے رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی دیگر کمیٹیوں کے مقابلہ لائبریری کمیٹی اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور قابلیت ہمیشہ انسان کے ساتھ رہتے ہیں اور اسمبلی میں لائبریریز کے ذریعہ ارکان اسمبلی اور ریاست کے مختلف حصوں میں عوام کو معلومات سے آراستہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی کی لائبریری میں42000 سے زائد کتابیں موجود ہیں جو مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھتی ہیں۔ سابق میں اسمبلی میں کی گئی تقاریر پر مشتمل کتابیں موجود ہیں جن کا ارکان اسمبلی مشاہدہ کرتے ہوئے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ جب میں پہلی مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوا تو میں نے سینئر ارکان کی تقاریر کو غور سے سنتے ہوئے ان سے سیکھنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے ارکان کو مشورہ دیا کہ جب کبھی فاضل وقت ملے وہ لائبریری میں وقت گذاریں۔ قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ اسمبلی کی لائبریری میں موجود کتابوں سے ارکان اسمبلی کو کافی فائدہ ہوسکتا ہے۔ نظام دور حکومت سے لے کر ملک کی آزادی، متحدہ آندھرا پردیش اور موجودہ تلنگانہ کے اُمور پر مواد دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں مباحث اور اس وقت سے لے کر آج تک کی تبدیلیوں کو کتابی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو مشورہ دی کہ وہ اپنی معلومات میں اضافہ کیلئے لائبریری سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں منعقد ہونے والے اجلاسوں میں اکثر عوامی نمائندے شرکت نہیں کرتے۔ وزیر اُمور مقننہ پرشانت ریڈی نے کہاکہ جمہوریت میں عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے دونوں ایوانوں میں اظہار خیال کا موقع حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ لائبریری سے استفادہ کرنا چاہیئے۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ کتابوں کے ڈیجٹلائزیشن کا کام مکمل کیا جائے گا تاکہ یہ مواد باآسانی ارکان اسمبلی کے لئے دستیاب رہے۔ کمیٹی کے ارکان ایس راجندر ریڈی نے کہا کہ ارکان کی تجاویز سے لائبریریز کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اسپیکر اور صدر نشین قانون ساز کونسل نے اسمبلی میں موجود لائبریری اور ریسرچ سنٹر کا معائنہ کیا۔ کمیٹی کے ارکان کے اوپیندر ریڈی، پی روہت ریڈی، نوین کمار، جناردھن ریڈی، کے نارائن ریڈی کے علاوہ اسمبلی کے سکریٹری وی نرسمہا چاریلو نے اجلاس میں شرکت کی۔