اساتذہ کے تبادلوں کیلئے 81 ہزار سے زائد درخواستوں کا ادخال،رنگاریڈی اور نلگنڈہ سے زائد درخواستیں

   

حیدرآباد ۔7۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اساتذہ کے تبادلوں کا عمل شروع ہوتے ہی بڑے پیمانہ پر درخواستیں حکومت کو موصول ہورہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سرکاری اور مجالس مقامی کے اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 81069 ٹیچرس نے تبادلہ کیلئے درخواست داخل کی ہے ۔ حکومت کی جانب سے فروری میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد 74101 ٹیچرس نے درخواست داخل کی تھی جبکہ حال ہی میں مزید 6968 ٹیچرس نے تبادلہ کی درخواست کی ہے ۔ محکمہ تعلیم کے مطابق رنگا ریڈی ضلع سے سب سے زیادہ 4722 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ نلگنڈہ سے 4416 ، نظام آباد 4088 اور سنگا ریڈی سے 4038 درخواستیں داخل کی گئیں۔ ملگ ضلع سے سب سے کم 781 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم نے تبادلوں کے سلسلہ میں جو شیڈول جاری کیا ہے ، وہ محکمہ تعلیم کی ویب سائیٹ پر 8 اور 9 ستمبر کو دستیاب رہے گا۔ اس دوران اعتراضات داخل کئے جا سکتے ہیں۔ ترقی اور تبادلوں کے لئے قطعی سینیاریٹی لسٹ 12 اور 13 ستمبر کو ڈسکٹر ایجوکیشنل دفاتر میں چسپاں کی جائیں گی اور یہ لسٹ آن لائین دستیاب رہے گی۔ ضلع پریشد اور گورنمنٹ اسکولس کے گریڈ 2 ہیڈماسٹرس کے تبادلوں کیلئے 12 اور 13 ستمبر کو ویب آپشن کی سہولت رہے گی۔ 14 ستمبر کو آپشن میں ترمیم کی جاسکتی ہے جبکہ 15 ستمبر کو ہیڈ ماسٹرس کے تبادلے ہوں گے اور 16 ستمبر کو ترقی کی فہرست جاری کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق حیدرآباد سے 3246 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔