اسلام آباد ۔پاکستانی قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسامہ بن لادن کو شہید قرار دینے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس حیرت کا بھی اظہار کیا کہ وزیر اعظم اُس اسامہ بن لادن کو شہید قرار دے رہے ہیں وہ سازش سے لیکر بے نظیر بھٹو کی شہادت تک میں ملوث رہا۔ کل یہاں اسمبلی سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسٹر خان سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید نہیں کہتے البتہ اسامہ بن لادن، احسان اللہ احسان اور بیت اللہ محسود کو شہید کہہ سکتے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ دنوں قومی اسمبلی میں بجٹ پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ایبٹ آباد واقعے کا ذکر کرتے ہوئے اسامہ بن لادن کو شہید قرار دیا تھا۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے اس سلسلے میں ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نے تقریر میں اسامہ بن لادن کے لیے دو دفعہ لفظ ہلاک کا بھی استعمال کیا تھا لیکن کچھ لوگ اپنے مقاصد کے لیے غیر ضروری طور پر بیان کو متنازع بنا رہے ہیں۔واضح رہے کہ عمران خان نے قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ’’پاکستان کی تاریخ میں شرمساری کے دو واقعات ہوئے ۔ ایک یہ کہ امریکہ نے ایبٹ آباد میں آکر اسامہ بن لادن کو شہید کردیا دوئم یہ کہ پاکستان میں ڈرون حملے کئے گئے ‘‘۔