اسرائیل امریکی فنڈنگ سے غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے

,

   

Ferty9 Clinic

زہران ممدانی کی ٹرمپ سے دلچسپ ملاقات، مشترکہ طور پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار

واشنگٹن ۔ 22؍نومبر ( ایجنسیز ؍یو این آئی) نیویارک کے پہلے نومنتخب مسلم میئر زہران ممدانی نے وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے روایتی ملاقات کی، جس دوران انہوں نے غزہ میں اسرائیل کے اقدامات اور امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسوں کے استعمال کے حوالے سے اپنا موقف پیش کیا۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں زہران ممدانی نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے اور امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ فلسطینی عوام کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔ نیویارک کے شہری چاہتے ہیں کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ جنگوں میں نہیں بلکہ مقامی ضروریات اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ ہو۔صدر ٹرمپ نے اس جواب پر کہا کہ ہم دونوں مشرقِ وسطیٰ میں امن کے خواہاں ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اپنے سیاسی اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کی تعریف کی اور نیویارک شہر کی بہتری کیلئے تعاون کا عزم ظاہر کیا۔واضح رہے کہ ٹرمپ اور اسرائیل دونوں نے اس بات کی تردید کی ہے کہ امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ غزہ کی جنگ میں استعمال ہو رہا ہے۔ ممدانی اور ٹرمپ کی یہ پہلی بالمشافہ ملاقات کئی ماہ کی تلخ بیان بازی کے بعد ہوئی جس میں اختلافات کے باوجود بات چیت دوستانہ ماحول میں جاری رہی۔صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں زہران ممدانی نے صدر ٹرمپ کوفاشسٹ کہنے سے قبل وضاحت دینا شروع کی تاہم ٹرمپ نے کہا کہ ممدانی کے انہیں فاشسٹ کہنے سے انہیں برا محسوس نہیں ہوا۔ بس ہاں کہہ دینا زیادہ آسان ہے۔خیال رہیکہ نیویارک کے نومنتخب میئر زہران ممدانی یکم جنوری 2026 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ دونوں نے غیر متوقع طور پرایک دوستانہ ملاقات، ایک دوسرے کی تعریف کی اور نیویارک میں جرائم اور مہنگائی کے کنٹرول کے لیے تعاون کا عہد کیا گیا۔اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے زہران ممدانی کو میئر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور کہا ممدانی نیویارک کیلئے بہترین کام کریں گے اور ہم اُن کی ہر طرح سے مدد کریں گے ۔ امریکی صدر نے کہا وقت کے ساتھ چیزیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں، زہران ممدانی سے متعلق رائے تبدیل ہوئی ہے۔ ملاقات کے بعد میں اب نیویارک میں رہنا پسند کروں گا، میرے ووٹرز نے بھی میئر کے الیکشن میں ممدانی کو ووٹ دیے ہیں۔ امید ہے وہ نیویارک کے لیے بہترین کام کریں گے ۔ زہران ممدانی نے کہا کہ ٹرمپ کے ساتھ مل کر نیویارک کی ترقی کیلئے کام کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ سے ملاقات میں اختلافات کی بجائے مشترکہ مفادات پر بات ہوئی ہے ، اس بات پر گفتگو ہوئی کہ نیویارک کے شہریوں کی زندگی کیسے بہتر کی جائے ۔ٹرمپ نے کہا ہم دونوں نیویارک میں جرائم کا خاتمہ چاہتے ہیں، ممدانی نیتن یاہو کو گرفتار کریں گے یا نہیں، اس بارے میں بات نہیں ہوئی، میرا خیال ہے کہ ممدانی کچھ قدامت پسند لوگوں کو حیران کر دیں گے ۔