اسرائیل اور فلسطین5 دن کے حملوں کے بعد جنگ بندی پر راضی!

,

   

حملوں میں اسلامی جہاد کے 3 کمانڈر سمیت 35فلسطینی شہید‘2اسرائیلی بھی ہلاک ہونے کا دعویٰ

غزہ؍یروشلم: اسرائیل اور فلسطین5 روز کے حملوں کے بعد جنگ بندی پر راضی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے 5 روز کے دوران 35 فلسطینی شہیدہو چکے ہیں۔اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری، اسلامی جہاد کے 3 سینیئر ترین کمانڈر سمیت 35 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔اسرائیل کا دعویٰ ہیکہ فلسطین کے حملوں میں 2 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔ اسرائیل نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں روز بھی غزہ کے مختلف مقامات پر بمباری کی۔ اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے سینئر قائد ایاد الحسنی کو شہید کر دیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے علاقہ غزہ میں اسرائیلی فورسز کے طیاروں نے گنجان آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اسرائیل فوج کی بمباری سے غزہ کی پٹی میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارہ میں واقع فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول کر نہتے فلسطینی مردوں، خواتین اوربچوں پر انسانیت سوز تشدد کیا۔ متعدد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ پانچ روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک6 بچوں اور 3 کمانڈرس سمیت 35 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ طبی حکام نے بھی تصدیق کی کہ مغربی غزہ کی پٹی کے النصر محلے میں واقع ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملہ میں دو فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔ الحسنی اس ہفتہ اسرائیل کے ہاتھوں قتل ہونے والے کونسل کے چھٹے رکن ہیں۔ مصری کوششوں سے غزہ میں 5 دن کی لڑائی کے بعد مصرکی ثالثِی میں اسرائیل اور فلسطین کی عسکریت پسند تنظیم اسلامی جہاد کے درمیان جنگ بندی طے پاگئی ہے۔ اسلامی جہاد کے ترجمان نے جنگ بندی معاہدہ کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں شہریوں کے گھروں پر بمباری نہیں کرے گا اور نہ ہی القدس بریگیڈز یا دیگر قائدین کے خلاف کارروائی کرے گا اس شرط پر اسرائیل نے اتفاق کیا ہے۔ مصری کوششوں سے ہونے والی جنگ بندی مقامی وقت کے مطابق رات 11:30 بجے سے نافذ العمل ہوگئی۔ جنگ بندی کے نافذ کے بعد غزہ میں شہریوں میں خوشی کی لہر ڈور گئی۔ لوگ رات گئے سڑکوں پر نکل آئے، خوب جشن منایا، غزہ کی سنسان سڑکیں ایک بار پھر سے آباد ہوگئیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جہاد اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی طے پا گئی جس کے تحت فریقین عام شہریوں کو نشانہ بنانے، مکانات کو مسمار کرنے اور اشتعال انگیزی سے گریز کریں گے۔ اسلامی جہاد کے ترجمان داؤد شہاب نے جنگ بندی معاہدہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم مصر کی ثالثی میں ہونے والے سیز فائر معاہدہ کو تسلیم کرتے ہیں اور جب تک قابض اسرائیل اس معاہدہ کی پابندی کرتا رہے ہم بھی معاہدہ سے روح گردانی نہیں کریں گے۔