اسرائیل سے تعلق رکھنے والے 50سے زائد افراد گرفتار

   

تہران:2 جولائی (یو این آئی) ایران نے اسرائیل سے تعلق رکھنے والے 50سے زائد افراد ‘دہشت گردوں اور پراکسی’ کوگرفتار کیا ہے اور جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں دو دیگر کو ہلاک کر دیا ہے ۔اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) نے منگل کو یہ اطلاع دی۔آئی آر جی سی کے سرکاری نیوز آؤٹ لیٹ میں شائع ایک بیان کے مطابق یہ افراد مشرقی ایران میں واقع ‘دہشت گرد گروپوں’ سے بھی وابستہ تھے اور انہیں گزشتہ دو ہفتوں میں کارروائیوں میں حراست میں لیا گیا یا ہلاک کیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ لوگ تخریب کاری کی کارروائیوں کی کوشش کر رہے تھے تاکہ سیستان اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں کو غیر مستحکم کیا جا سکے اور اقتصادی شعبوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا جا سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لیا گیا ہے جس میں امریکی ہتھیار بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کا خان یونس کا علاقہ فوری خالی کرنے کا حکم
تل ابیب، 2 جولائی (یو این آئی)غزہ میں اسرائیلی فوج نے خان یونس کا علاقہ فوری خالی کرنے کا حکم دے دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج بھرپور قوت سے کارروائی کر رہی ہے ، راکٹ لانچ کر کے کسی بھی مقام کو نشانہ بنایا جائے گا۔اسرائیلی فوج نے غزہ سے 2 راکٹ اسرائیل پر داغے جانے کا دعویٰ کیا جبکہ یمن سے بھی اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا۔اسرائیلی فوج نے غزہ اور یمن سے داغے گئے میزائل کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کو حتمی شکل دینے کے لیے شرائط سے اتفاق کیا ہے ۔