برسلز: یورپ کی پانچ بڑی طاقتوں نے اسرائیل سے مغربی کنارے پر اپنی آبادی کاری میں توسیع کے منصوبے کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔جرمنی، برطانیہ، فرانس، اسپین اور اٹلی جیسے یورپ کے پانچ بڑے ممالک نے 6مئی جمعرات کواسرائیل سے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں غیر قانونی آبادی کاری اور نئی بستیوں کی تعمیر کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ ان ممالک کے وزرا خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا، ”ہم حکومت اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے ہار ہوما علاقے میں 540 یونٹوں کی تعمیر کو آگے بڑھانے کے اپنے فیصلے کو واپس لے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آبادکاری میں توسیع کی اپنی پالیسی کو روک دے۔ بیان کے مطابق یہ آبادکاری عالمی قوانین کے تحت غیر قانونی ہے اور فلسطین اور اسرائیل کے تنازعہ کے پر امن حل کے امکانات کے لیے خطرہ بھی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا، ہم فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی یکطرفہ کارروائی سے باز رہیں اور، دو ریاستی حل اور تنازعہ کے خاتمے کیلئے کوششوں کو آگے بڑھانے کیلئے ایک قابل اعتماد اور معنی خیز گفت و شنید کا آغاز کریں۔